قارئین کرام! ہر انسان کو اپنی زندگی عزیز ہوتی ہے اسی لئےانسان زندگی کو بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش میں لگا رہتا ہے، بلکہ بعض اوقات زندگی انسان کو ایسے موڑ پہ لے آتی ہے جہاں زندگی کے ہی لالے پڑ جاتے ہیں، انسان خود کو موت کی دہلیزپر پاتا ہے۔لیکن ’’جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے‘‘ یقینا وہی اس کائنات کا خالق و مالک ہے اور بعض اوقات وہ اپنی قدرت کاملہ کے ایسے نظارے کرواتا ہے کہ انسان اسے دیکھ یا سن کر نہ صرف دنگ رہ جاتا بلکہ اس پاک ذات کی قدرت کاملہ پر ایمان مزید مضبوط ہو جاتا ہے۔ ایساہی ایک ایمان افروز واقعہ ملاحظہ فرمائیں ۔ چنانچہ
صوبہ پنجاب (پاکستان) کے ایک مشہو ر شہر’’راولپنڈی‘‘ کاایک نوجوان جو کسی وقت میں تندرست اور صحت مند زندگی گزار رہاتھا مگر آج نہایت کمزور اور بے بسی کی تصویر نظر آرہا ہے ،جس کی وجہ کچھ عرصے قبل اس نوجوان کا معدے کے کینسر میں مبتلا ہونا ہے۔ ڈاکٹروں نے کئی آپریشن کئے مگر کامیاب نہ ہوسکے ۔ کینسر اس نوجوان کے معدے میں 95 فیصد اپنی جڑے مضبوط کرچکا تھا، ڈاکٹروں نے ایک بار پھر آپریشن کیا ، دوران آپریشن زخم کے پھٹ جانے کے سبب اس نوجوان کا معدہ ہی نکال دیاگیا اور اس کی جگہ مصنوعی معدہ لگادیا گیا۔ اس نوجوان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز میری زندگی سے نا امید ہوچکے تھے اور میرے اہل خانہ سے میری خواہشات کو پورا کرنے اور مجھے ہلکی غذائیں کھلانے کی تاکید کرنے لگے ۔
زندگی کی آخری خواہش:
آہ! اب زندگی موت کے انتظار میں گزر رہی تھی ، میں خود کو چند دنوں کا مسافر محسوس کررہا تھا ۔ اب بس ایک ہی خواہش دل کے سمندر میں غوطہ زن تھی کہ کاش ! جب قبر میں جاؤں تو چہرے پر سنت رسول صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ یعنی داڑھی شریف سجی ہوئی ہو مگر ایسا بظاہر ممکن نہ تھا کیونکہ کینسر کے سبب میری داڑھی ،پلکوں اور بھنوؤں سمیت پورے جسم کے بال جھڑچکے تھے ۔لیکن چونکہ میں اللہ کریم کی رحمت سے مایوس نہ تھا ۔ بالآخر میری قسمت کا ستارہ چمکا اور مجھ پر میرے رب کا خاص کرم ہوا کہ ان دنوں ایک باعمل نوجوان ،سنت رسول کے پیکر، جانشین امیر اہلسنت ،ابو اسید حاجی عبید رضا عطاری المدنی کی پنجاب آمد ہوئی اور مجھ گناہگار کو ان سے ملاقات کا موقع ملا ،میرا جسم اس قدر مفلوج تھا کہ چار افراداٹھا کر مجھے ان کی خدمت میں لے کر حاضر ہوئے۔
جانشین امیر اہلسنت کے دم کی برکت:
میں نےجانشین امیر اہلسنت کی خدمت میں داڑھی سے متعلق اپنی خواہش کا اظہار کیا ۔ آپ نے خوب شفقت فرماتے ہوئے میرا سر اپنی گود میں لیا اور کچھ دم کرنے لگے ، دم کرتے وقت آپ اپنی داڑھی اور زلفوں کو چھوتے اور ہاتھ میرے چہرے اور سر پر ملتے۔ کچھ دیر یوں ہی کرتے رہے اور جب میں لوٹنے لگا ،تو، حضرت نے،خوب دعاؤں سے نواز، ملاقات کے بعد حیرت انگیز طور پر مجھے قلبی سکون ملا گھر پہنچ کر میں نے اہل خانہ سے پائے کھانے کی خواہش کا اظہار کیاتووہ پریشان ہوگئے کیونکہ ڈاکٹروں نے مجھے بھاری غذائیں کھلانے سےمنع کیاہوا تھا مگر مجھے موت کے قریب دیکھ کر انہوں نے میری خواہش پوری کردی۔ میں نے پیٹ بھر کر کھایا اور وہ ہضم بھی ہوگیا ،صبح اٹھا تو خود کو بہتر محسوس کررہا تھا ۔جانشین امیر اہلسنت کے دم کی برکت سے طبیعت سنبھلنے لگی تھی بلکہ میرے سر اور داڑھی کے بال بھی اگنے لگے تھے ۔
ڈاکٹرز حیران رہ گئے:
اس نوجوان کا کہنا تھا کہ میں کچھ عرصے بعد ڈاکٹرز کے پاس چیک اپ کے لئے گیا تو ڈاکٹرز میرے بالوں کو دیکھ کر سمجھے کہ شاید میں نے نقلی بال لگوالئیے ہیں کہنے لگے : کیا آپ نے وگ لگوائی ہے ؟ میں نے کہا نہیں! یہ میرے اصلی بال ہیں۔ پھر میں نے ڈاکٹر صاحب کو جانشین امیر اہلسنت سے ملاقات اور دم کا واقعہ سنایا۔ جس پر ڈاکٹر صاحب بہت حیران ہوئے اور کہنے لگے! کینسر کے بعد بالوں کا اتنی جلدی آجانا حیرت انگیز ہے۔ اس واقعہ کو بیان کرتے وقت نوجوان کے چہرے پر سنت کے مطابق ایک مٹھی داڑھی سجی ہوئی تھی اور اس کا کہنا تھا کہ جانشین امیر اہلسنت سے ملاقات اور دم ہی کا اثر ہے کہ مجھ جیسے چند دنوں کے مسافر کوایک نئی زندگی مل گئی۔
جانشین امیر اہلسنت سے ملاقات کیسے کریں ؟
سُبْحٰنَ اللہ! دیکھا آپ نے کہ ایک ملاقات نےچند دنوں کے مسافر کو نئی زندگی کا راہی بنادیا اگر آپ بھی کسی مسئلے کا حل، بیماری سے چھٹکارا، پریشانی سے نجات ، اولاد کا حصول ، الغرض مشکلات کو دور کرنا چاہتے ہیں تو مایوس مت ہوں ،فیضان مدینہ تشریف لائیے ۔ اَلْحَمْدُ للہ! باب المدینہ (کراچی ) میں ہونے کی صورت میں جانشین امیر اہلسنت ہر اتوار اور بدھ بعد نماز عصر تا مغرب کثیر عاشقان رسول، سے عام ملاقات فرماتے ہیں نیز نیکی کی دعوت کے سلسلے میں ملک و بیرون ملک ہونے والے اجتماعات کے بعد بھی ملاقات کا سلسلہ رہتا ہے ۔آپ بھی ان نیک اجتماعات میں شرکت فرماکر جانشین امیر اہلسنت سے ملاقات کی سعادت حاصل کریں۔ اللہ کریم ہم سب کی پریشانیوں کو دور فرمائے۔ آمین بجاہ سید المرسلین صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ
مزید معلومات کے لئے مکتبۃ المدینہ کا مطبوعہ رسال ’’ تذکرہ جانشین امیر اہلسنت ‘‘ کا مطالعہ فرمائیں ۔